3 اگست 2015 - 06:38
آل سعود کے یمن کی بنیادی تنصیبات پر حملے، متعدد افراد شہید

آل سعود کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے چار صوبوں پر حملے کر کے بنیادی تنصیبات کو تباہ اور متعدد شہریوں کو شہید اور زخمی کر دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کے ایک سیکورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کے دن یمن کے صوبہ حجہ کے بعض علاقوں اور صوبہ حرض میں سڑکوں اور مواصلات کے محکمے کی عمارت پر بمباری کی۔ اس ذریعے کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ لحج میں واقع الحمراء کے علاقے پر متعدد بار بمباری کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے۔ اس رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے مثلث العند، العند ایئربیس، عابین اور کرش پر سولہ سے زیادہ مرتبہ بمباری کی۔ صوبہ صعدہ کے ایک عہدیدار کا بھی کہنا ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے کتاف شہر میں واقع القمع کے علاقے کو چار مرتبہ اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن کے مفرور سابق صدر عبدربہ منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانے اور اس ملک پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لیے چھبیس مارچ سے یمن کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب نے یمن کا ہر طرح سے محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔ سعودی عرب اور اس اتحادیوں کے حملوں میں یمن کی بنیادی تنصیبات کے انہدام کے علاوہ اس ملک کے چار ہزار سے زیادہ شہری شہید، ہزاروں زخمی اور لاکھوں بے گھے ہو چکے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲